Sunday January 19, 2025

ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 20 ارب ڈالر قرض وصول کیا جائے گا، وزیر خزانہ شوکت ترین

اسلام آباد : آئندہ مالی سال میں 900 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، حکومت کا عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 20 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال میں نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، اور اس ضمن میں 20 ارب ڈالر قرض بھی لیا جائے گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال میں شرح نمو بڑھانے کیلئے 900 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کرے گی ۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے عالمی خبر رساں ایجنسی بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ کورونا سے متاثرہ معیشت کی فوری بحالی کیلئے حکومت اقدامات لے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر زرعی اور صنعتی پیداوار نہ بڑھائی گئی تو مستقبل میں سڑکوں پر مظاہرے شروع ہو جائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ بڑھتی آبادی کے باعث ملک میں ہر سال روزگار کے 20 لاکھ نئے مواقعے فراہم کرنا ہوں گے ،شرح نمو اور روزگار کے مواقعے بڑھانے کیلئے حکومت آئندہ مالی سال بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھائے گی ۔انہوںنے کہاکہ آئندہ مالی سال کیلئے شرح نمو کا ہدف 5 فیصد رکھا جائے گا ، رواں مالی سال کا بجٹ خسارہ 7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ مالی سال ٹیکس وصولیوں کو بڑھا کر 6 ہزار ارب روپے سے زیادہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کے اہداف حاصل کرنے کیلئے متبادل ذرائع استعمال کیے جائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کو محصولات اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر متبادل ذرائع پر اعتماد میں لیں گے ، آئی ٹی برآمدات کو دو سال میں 2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کیا تھا کہ عوام کو قرضے سے نجات کا جھوٹ بول کر حکومت اب تک 33 ارب ڈالر کا قرض لے چکی ہے اور ملک کا ہر شہری پونے دو لاکھ روپے کا مقروض ہو گیا ہے۔

FOLLOW US