جدہ:وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے ،جدہ ائیرپورٹ پر سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان اور سعودی وزراء نے پاکستانی وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں ،جدہ ائیرپورٹ پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے سعودی وزراء اور اہم شخصیات کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا ،وزیر اعظم کا طیارہ مقامی وقت کے مطابق رات10بجے جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا۔وزیر اعظم کے ہمراہ خاتون اول بشریٰ بی بی ، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد،گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان، گورنر سندھ عمران اسماعیل،
سینیٹر فیصل جاوید اور صوبائی وزیر عبدالعلیم خان بھی سعودی عرب پہنچے ہیں۔ یاد رہے کہ رہے دورے کی تیاریوں کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ علامہ طاہر محمود اشرفی اشرفی اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز پہلے ہی بدھ کو جدہ پہنچ چکے تھے جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چار مئی کو سعودی عرب پہنچ گئے تھے۔ وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ ایئرپورٹ سے شاہی دیوان کے لئے روانہ ہوگئے ہیں، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم کا شاہی دیوان میں بھی استقبال کریں گے۔وزیرِاعظم دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم کے اس اہم ترین دورے کےدوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی اہم یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔ وزیرِ اعظم مسجد نبویﷺ میں حاضری بھی دیں گے اور مسجد الحرام میں عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے.