پشاور : پشاور میں موٹروے پر خوفناک واقعہ، اسلام آباد سے آنے والے آوارہ نوجوان نے ٹول پلازے پر تعینات پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھا دی، اہلکار تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں موٹروے ٹول پلازے پر تشویش ناک واقعے میں موٹروے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا گیا ہے موٹروے ٹول پلازہ پر پولیس کی جانب سے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے ٹول پلازے پر کھڑے ٹریفک پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھا دی۔ گاڑی کی خوفناک ٹکر کی وجہ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا جسے فوری پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکار کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے، ڈاکٹرز کی جانب سے زخمی اہلکار کی حالت میں بہتری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب پشاور پولیس کی جانب سے واقعے میں ملوث ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پشاور پولیس کے مطابق گاڑی اسلام آباد سے پشاور آ رہی تھی۔ گاڑی میں جنید نامی 26 سالہ نوجوان موجود تھا جو ابتدائی معلومات کے مطابق افطار کیلئے پشاور آیا تھا۔ ملزم اسلام آباد کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھانے کے بعد ملزم نے جائے وقوعہ سے بھاگنے کی کوشش کی، تاہم اس کی گاڑی ٹول پلازے پر پھنس گئی جس کے بعد ڈرائیور کو چمکنی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ گرفتاری کے بعد ملزم نے بیان دیا کہ حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے ہوا ہے جبکہ موٹر وے پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم کی گاڑی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کے رفتار سے جا رہی تھی جس کو موٹروے پر مردان میں روکنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم گاڑی کو روکنے میں ناکامی پر موٹروے پولیس نے وائرلیس کے ذریعے پشاور انٹرچینج کو اطلاع دی جہاں گاڑی کو روکنے کی کوشش کے دوران حادثہ پیش آیا۔