Friday January 24, 2025

حکومت کا تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن تحریک لبیک کو ڈی لسٹ کرکے بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن ختم کر دے گی، حکومت کا تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے، مذکورہ سیاسی جماعت کو کالعدم قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان نے وزارت داخلہ کی طرف سے کالعدم قرار دینے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کی تھی، وزارت داخلہ نے (ٹی ایل پی) کی اپیل کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی بھی بنائی تھی جس کے بعد وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کی پارٹی رجسٹریشن منسوخی کے لئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سپریم کورٹ سے حکومت کے حق میں فیصلہ آنے کی صورت میں الیکشن کمیشن (ٹی ایل پی) کو ڈی لسٹ کر سکے گا، تحریک لبیک پاکستان الیکشن کمیشن میں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کالعدم ہو چکی ہے،تحلیل کا کوئی پروگرام ترک نہیں کیا۔حکومت اور عمران خان ان دونوں فیصلوں پر قائم ہے۔وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور سرینڈر نہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ کالعدم تحریک لبیک نے پابندی کے خلاف حکومت کو درخواست دی تھی جس میں کہا گیا کہ تحریک لبیک دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، تحریک لبیک پر دہشتگردی کا الزام غلط ہے لہٰذا درخواست پر عمل کرتے ہوئے اس پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ملک میں حالیہ احتجاج اور دھرنوں کے بعد حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی عائد کرکے اسے کالعدم قرار دیا تھا۔

FOLLOW US