Sunday January 19, 2025

پاکستان میں کورونا کی مثبت شرح 11 فیصد، کتنے فیصد پر نظام بیٹھ جائے گا؟ فواد چوہدری نے تشویشناک بات بتادی

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا کی مثبت شرح 11 فیصد ہے اور اگر یہ 15 فیصد تک پہنچ گئی تو ہمارا نظام بیٹھ جائے گا۔ نجی ٹی وی ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کا بہتر طریقے سے مقابلہ کیا، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر اداروں نے اہم کردار ادا کیا، ایک سال پہلے تیاری نہیں کرتے تو آج پاکستان میں بھارت جیسی صورتحال ہوتی۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان میں کورونا کی مثبت شرح 11 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور اگر یہ شرح 15 فیصد تک پہنچ گئی تو صحت کا نظام بیٹھ جائے گا۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اہم اقدامات اٹھائے ہیں، ایس او پیز پر عملدر آمد کرانے کے لیے پاک فوج کو بلایا ہے، ہوٹلوں میں آوَٹ ڈور پر بھی پابندی لگانے جارہےہیں، عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ماسک کا استعمال لازمی کریں کیونکہ جہاں لوگ جمع ہوں گے وہاں کورونا پھیلے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک 17 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے، حکومت کا ہدف دو کروڑ 60 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کرنا ہے۔

FOLLOW US