Friday May 17, 2024

مریم نواز نے جہانگیر ترین سے رابطے کی تصدیق کر دی ایک دوسرے سے گندے کپڑے بدلنے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی

لاہور: وزیراعظم عمران خان کیلئے بڑی مصیبت کھڑی ہو گئی، جہانگیر ترین گروپ کے ن لیگ سے بیک ڈور رابطے، مریم نواز نے جہانگیر ترین سے رابطے کی تصدیق کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے تصدیق کی ہے کہ جہانگیر تر ین گروپ ن لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں میں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ ایک دوسرے سے گندے کپڑے بدلنے سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ حقیقی تبدیلی عمران خان کے جانے سے آئے گی اس لئے وزراءکی بار بار تبدیلی کا کوئی فائدہ نہیں ہے ، جہانگیر ترین کے ساتھ جو گروپ نظر آرہا ہے یہ اس سے کہیں زیادہ بڑا ہے جو نظر آرہا ہے ،

یہ لوگ ہمارے ساتھ اور دوسرے جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں ، یہ سیاسی لوگ ہیں انہوں نے اپنے حلقوں میں واپس جانا ہے لیکن موجودہ حکومت کی تاریخی نالائقی اورنااہلی کی وجہ سے یہ لوگ اپنے حلقوں میں نہیں جا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرویز رشید ، مریم اورنگزیب اور دیگر پارٹی رہنما?ں کے ہمراہ جاتی امرائ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ میری کراچی کی فلائٹ کنفرم تھی جہاں پر میں نے عوام کے پاس جاکر وقت گزارنا تھا،میں نے این اے 249کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کے ضمنی انتخاب کےلئے جانا تھا لیکن کورونا وبامیں بہت تیزی آگئی، میں نہیں چاہتی میری وجہ سے کسی کو کوئی تکلیف پہنچے اس لئے عوام کے تحفظ کےلئے کراچی کا دورہ منسوخ کیا،میرا دورہ عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی وجہ بن سکتاتھا، نوازشریف اورشہبازشریف کے مشورے پر دورہ کراچی منسوخ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حلقہ 249کے مسائل کا حل ن لیگ کے پاس ہی ہے، اگر کوئی جماعت کراچی کی خدمت کرنا چاہتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہی ہے ، مسلم لیگ ن ماضی میں بھی کراچی کے مسائل حل کر چکی ہے ،جب کراچی میں دہشتگردی تھی تو مسلم لیگ ن نے امن کو بحال کیا، جس طرح پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں ترقیاتی کام کئے ہم چاہتے ہیں کراچی کی بھی تقدیر بنے، بلدیہ کے عوام کے مسائل جانتی ہوں ، مفتاح اسماعیل پڑھے لکھے شخص ہیں ، وہ اس سے پہلے اپنی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی عوام کی خدمت کر چکے ہیں۔

FOLLOW US