Friday May 17, 2024

فردوس عاشق اعوان نے خود کو بھارتی اداکارہ سمیتا پٹیل کی ہم شکل قراردیدیا، سوشل میڈیاپر طوفان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خو دکو بھارتی اداکارہ سمیتا پٹیل کی ہم شکل قرار دے کر سوشل میڈیا پراپنے خلاف نئی یلغار کو دعوت دے دی ہے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ایک سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں جب انہوں نے انکشاف کیا کہ کالج کے دنوں میں ان کے دوست کہا کرتے تھے کہ وہ بھارتی اداکارہ سمیتا پٹیل سے مشابہت رکھتی ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین ان پر طنز کے تیر برسا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ”سب لوگ بتائیں کہ انہیں کالج دور میں فرینڈز کس کے ساتھ تشبیہ دیتے تھے۔ فردوس آپا نے تو بتا دیا سمیتا پٹیل۔“

ایک صارف نے لکھا کہ ”مجھے تو پھر ٹام کروز کے ساتھ خود کو تشبیہ دینی چاہیے لیکن میرے دوستوں نے ہمیشہ ناناپاٹیکر سے دی ہے۔“ ایک آدمی نے لکھا کہ ”دیکھنا بھائی، اگر یہ بات سمیتا پٹیل کو پتہ چل گئی تو وہ خودکشی کر لے گی۔“ اس صارف کو شاید علم نہیں تھا کہ سمیتا پٹیل 1986ءمیں 31سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ سمیتا پٹیل 17اکتوبر 1955ءکو بھارتی شہر پونے میں پیدا ہوئیں اور 13دسمبر 1986ءکو ممبئی میں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ انہوں نے بالی ووڈ اداکار راج ببر کے ساتھ شادی کی۔ اداکار پراتیک ببر، راج ببر اور سمیتا پٹیل ہی کے صاحبزادے ہیں۔ پراتیک ان کی پہلی اولاد تھے جن کی پیدائش کے ایک ماہ بعد سمیتا پٹیل کی موت واقع ہو گئی۔انہیں اپنے وقت کی فلم او رسٹیج کی بہترین اداکاراﺅں میں شمار کیا جاتا ہے۔انہوں نے نمک حلال، ارتھ، بھومیکا، ڈانس ڈانس، وارث، نذرانہ اور غلامی سمیت بے شمار سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔

FOLLOW US