Friday May 17, 2024

بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے والوں کا بھی چالان ہو گا سی ٹی او لاہور نے کورونا ایس او پیز کے تحت ہدایات جاری کر دیں

لاہور : لاہور میں بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے والے شہری کا بھی چالان ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور سید حماد عابد نے کورونا ایس او پیز کے تحت نئی ہدایات جاری کر دیں۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ تمام ڈی ایس پیز اپنی نگرانی میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا کام کراوئیں۔ سید حماد عابد نے بغیرماسک لائسنس دفاتراورکاغذات واپسی مراکزنہ آنے دینے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ گاڑی میں بغیر ماسک ایک شخص کا چالان نہیں کیا جائے گا ، لیکن ایک گاڑی میں 2 یا زائد افراد سوار ہونے کی صورت میں تمام گاڑی میں موجود افراد کے لیے ماسک ضروری ہے۔

سی ٹی اولاہور سید حمادعابد نے کہا کہ ایک موٹرسائیکل سوارہونے پر چالان نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ 65 ہزار گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان کیے جا چکے ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر12 مقدمات درج کیے گئے۔ ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 50 فیصد سے زائد سواریاں بٹھانے اور ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر1171 گاڑیاں بند کیں جبکہ ایک لاکھ 16 ہزار موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 22 ہزار260رکشوں اور 10 ہزار سے زائد کاروں کو چالان ٹکٹ جاری کیا گیا۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 157 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 999 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 90 ہزار 16 ہو چکی ہے۔

FOLLOW US