Thursday November 28, 2024

کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہا ہے ، احتیاط نہ کی تو لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سڑکوں پر نکلے گی، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہاہے ، ہم نے احتیاط نہ کی تو 2ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہوجائیں گے ، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سڑکوں پر نکلے گی ، میں نے فوج سے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ہماری فورسز کے ساتھ سڑکوں پر آئے ، ہم اب تک لوگوں کو ایس او پیز پر چلنے کا کہتے رہے ہیں لیکن لوگوں میں کوئی خوف نہیں اور کوئی احتیاط نہیں کررہے اس لیے فوج کو پولیس اور فورسز کی مدد کرنے کا کہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اس لیے نہیں کررہا کیوں کہ غریب مزدور طبقہ متاثر ہوگا ،

لاک ڈاؤن کیاتو معیشت بیٹھ جائے گی ، اس لیے شہری کورونا ایس او پیزپر عمل کویقینی بنائیں ، ماسک لگانے سے آدھا مسئلہ حل ہوجاتاہے ، مجھے لوگ آج کہہ رہے ہیں لاک ڈاؤن کردو ، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ، بھارت میں کیسز کی وجہ سے آکسیجن کی کمی ہوگئی ہے ، بھارت جیسے حالات ہوگئے تو شہر بند کرنا پڑیں گے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے بہترین حکمت عملی سے کورونا پر قابو پایا تھا ، ہماری مساجد میں ایس او پیز پر عمل ہوا ، ہماری مساجد سے کورونا نہیں پھیلا ، ہم نے احتیاط نہیں کی تو لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا ، لیکن لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ نقصان غریب طبقے کو ہوگا ، معیشت کو نقصان پہنچے گا، دکانداروں اور فیکٹریوں کو نقصان پہنچے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کوروناوائرس کے باعث مزید 144 افراد جاں بحق ہوگئے اور 5 ہزار 870 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوگئے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 ہزار 818 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے ملک بھر میں مزید 5 ہزار 870 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 784,108 ہوگئی ، جن میں سے اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 84 ہزار 976 بتائی گئی ہے ، جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

FOLLOW US