Wednesday July 2, 2025

ہمارے گروپ میں پہلے سے زیادہ لوگ شامل ہو رہے ہیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور جہانگیر ترین کے حامی راجہ ریاض نے دعویٰ کر دیا

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور جہانگیر ترین کے حامی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا کہ ہمارے گروپ میں پہلے سے زیادہ لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ جہانگیر ترین کی عدالت پیشی کے موقع پر کیا۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ہمارے گروپ میں پہلے سے زیادہ لوگ شامل ہورہے ہیں اور ان لوگوں نے ہمیں عندیہ دیا ہے کہ جلد وزیراعظم سے ملاقات ہوگی۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ دیکھیں گے ملاقات میں کیا معاملات طے پاتے ہیں۔ یاد رہے کہ آج لاہورکی عدالت میں جہانگیرترین اورعلی ترین کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی، صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال، اسحاق خاکوانی اور راجہ ریاض جہانگیر ترین کے گھر پہنچے اور بس میں ایک ساتھ عدالت روانہ ہوئے۔

سیشن کورٹ لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میرے گھر ایک افطاری تھی جس میں دوستوں نے شرکت کی، اسلام آباد سے بھی کچھ دوستوں نے رابطہ کیا۔ ا توقع ہے کہ ہمارے گروپ کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی، ہم کسی کمیٹی سے نہیں ملیں گے، ہمارا گروپ صرف عمران خان سے ملاقات کرے گا۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے ٹھنڈی ہوا چلی تو مطمئن ہوئے، عمران خان سے رشتہ کمزور نہیں ہے جبکہ ہمارے پورے گروپ کی عنقریب وزیر اعظم سے ملاقات ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی خبر ٹی وی پر سنی ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ جب عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوا تو ن لیگ نے میرے کاروبار کی چھان بین کرکے نوٹسز بھیجے، اس بار سول کیس کو فوجداری کیس میں منتقل کیا گیا، یہ تو ن لیگ نے بھی نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے ساتھ ہیں، جب دوستوں کو بلایا جاتا ہے تو گروپ سے مشورہ کرکے جاتے ہیں۔ مجھے عدالت سے انصاف ضرور ملے گا۔ واضح رہے کہ آج سیشن کورٹ نے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کی اور ایف آئی اے کو جلد تفتیش مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔