Thursday September 18, 2025

وزیراعظم نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی وزیراعظم رات گئے تک معاملات کی خود نگرانی کرتے رہے

کوئٹہ : وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کوئٹہ سرینا چوک پر واقع ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیر داخلہ کو ہدایت جاری کردی ہیں اور کہا ہے کہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رات گئے تک معاملات کی خود نگرانی کرتے رہے ،انہوں نے واقعے کی سخت مذمت بھی کی اور وزیر داخلہ کو ہر پہلو سے تفتیش کرنے کا حکم دیا، وزیراعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچ جائے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ بم دھماکے کا ایک اور زخمی جاں بحق ہوگیاہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی جبکہ 10 افراد اب بھی زخمی ہیں جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے. ہسپتال ذرائع نے ہلاکتوں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی شناخت نصیب ، پولیس اہلکار شجاعت عباسی، ہوٹل سیکورٹی گارڈ اسد ، شفٹ منیجر شاہ زیب اور محکمہ جنگلات کا ملازم ایمل کاسی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں دو اسسٹنٹ کمشنر بھی شامل ہیں. پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے سے ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں وزیراعلیٰ جام کمال خان نے مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے. وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یہ کوئٹہ کا ایک محفوظ ترین علاقہ ہے، غیر ملکی بھی اسی ہوٹل میں ٹھہرتے ہیں ایک گاڑی کس طرح ہوٹل کی پارکنگ میں داخل ہوئی، سیکورٹی کی کسی قسم کی بریچ ہوئی تب ہی گاڑی اندر پہنچی دھماکا خیز مواد گاڑی میں موجود تھا‘وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ دہشت گردی سے بلوچستان کی ترقی روکنے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہو گی.