Friday May 17, 2024

تحریک لبیک نے مذاکرات کے دوران اپنے لوگوں کو احتجاج کی کال دے کر وعدہ خلافی کی،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری

اسلام آباد: نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو خبردار کیا ہے کہ تحریک لبیک وعدہ خلافی کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے سو فیصد یقین ہے کہ ٹی ایل پی دوبارہ وعدہ خلافی کرے گی۔ انہوں نے کہا میں نے اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو بھی خبردار کر دیا ہے۔ اگر تحریک لبیک کی جانب سے اس قسم کا کوئی اقدا م اُٹھایا جاتا ہے یا وعدہ خلافی کی جاتی ہے تو اُن کے خلاف موثر کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ تحریک لبیک نے مذاکرات کے دوران اپنے لوگوں کو احتجاج کی کال دے کر وعدہ خلافی کی، ٹی ایل پی 100 فیصد اس طرح کاکام دوبارہ کرے گی۔ فواد چودھری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ میں قرارداد لانے کا مقصد لوگوں کی جانیں بچانا تھا ،کالعدم جماعت کے پاس 30 دن کا ٹائم ہوتا ہے وہ نظرثانی کی اپیل کرسکتی ہے، اگر 30 دن میں اپیل نہیں کی گئی تو سپریم کورٹ میں ریفرنس جائے گا۔ فوادچودھری نے کہاکہ وزارت خارجہ فرانسیسی سفیر سے رابطے میں ہے اور انہیں حالات سے مکمل آگاہ رکھا جارہا ہے ،ان کاکہناتھا کہ سعد رضوی پر مقدمات ہیں انہیں عدالت سے ضمانت حاصل کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ لے کر تحریک لبیک نے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے شروع کر دیے تھے، جبکہ 20 اپریل کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا بھی اعلان کیا تھا، تاہم حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد یہ کال واپس لے لی گئی تھی۔

FOLLOW US