لاہور : کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے تعلقات عامہ کے افسر نے اس پیش رفت کی تصدیق کردی ہے۔سعد رضوی کی رہائی قومی اسمبلی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو واپس بھیجنے کی قرارداد پیش کیے جانے سے چند گھنٹے قبل سامنے آئی ہے۔ فرانسیسی صدر کو ملک بدر کرنا ٹی ایل پی کا بنیادی مطالبہ ہے۔ کارکنان کی بڑی تعداد سعد حسین رضوی کے استقبال کے لیے موجود ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعد رضوی کچھ دیر بعد چوک یتیم خانہ میں دھرنے سے خطاب کریں گے ۔
تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے بعد حکومت نے قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیدول تبدیل کرتے ہوئے اجلاس جمعرات کے بجائے آج طلب کرلیا ، حکومت کی جانب سے آج قومی اسمبلی اجلاس میں فرانسیسی سفیرکی ملک بدری سے متعلق قرارداد پیش کیے جانے کا امکان ہے ، اس مقصد کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرقومی اسمبلی کی زیرصدارت سہ پہر3 بجے ہوگا ، جس میں قرارداد نجی بزنس کے طورپرایوان میں پیش کی جائے گی کیوں کہ آج منگل قومی اسمبلی میں نجی کارروائی کا دن ہے ، اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد آج ایوان کومذاکرات کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے۔ اسی حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہو گئے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومتی وفد اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی ہے کہ آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی اور تحریک لبیک لاہور میں اپنے مرکز مسجد رحمت العالمین سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کردے گی جب کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور جن لوگوں کےخلاف شیڈول فورتھ سمیت مقدمات درج ہیں ان کا اخراج بھی کردیا جائے گا۔