Thursday April 25, 2024

تحریک انصاف کاپارلیمنٹ، ٹی وی سٹیشن پرحملہ غلط تھا، بالآخر حکومت کے اہم عہدیدار نے اعتراف کرلیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی سٹیشن اور پارلیمنٹ پر حملہ غلط تھا اور ہماری جماعت نے عدالتوں میں اس کا جواب بھی دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ ماضی میں کسی جماعت کے کسی غلط کام کو بنیاد بناکر ویسا ہی اقدام کرنا کسی کیلئے بھی درست نہیں، 2014ء میں جس جس پر حکومت کو شک تھا، ان پر دہشت گردی کے پرچے کاٹے گئے، عمران خان اور عارف علوی پر بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کئے گئے۔ تحریک انصاف کے رہنماء نے مزید کہا کہ اسد عمر اور شفقت محمود کے علاوہ شیریں مزاری پر بھی دہشت گردی کا مقدمہ کیا گیا اور وہ مقدمات اب بھی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں،

رانا ثناء للہ نے جو بیان دیا وہ ناقابل قبول ہے، کیوں کہ اگر لیڈر شپ پر کوئی سوال اٹھا ہے تو اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ سے صرف سوال کیا گیا ہے کہ جائیداد آپ کی ہے یا نہیں، لیکن سوال کا جواب دینے کے بجائے وہ دھمکیاں دے رہے ہیں، جب نواز شریف وزیراعلیٰ تھے تو سرکاری زمین کو اپنے نام غیرقانونی طور پر منتقل کرالیا تھا، اب یہ الزام صحیح ہے یا غلط اس کا فیصلہ عدالتیں کریں گی، ن لیگ نے ماڈل ٹاؤن کے واقعے سے کچھ نہیں سیکھا، ان کی ذہنیت پہلے جسی ہی ہے، 5 سال قبل انہوں نے ججوں کو دھکمیاں دی تھیں اور آج بیورو کریٹس کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

FOLLOW US