Friday January 24, 2025

نفرت پھیلانے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا۔۔سی ٹی ڈی کا سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی کی تعریف کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور : کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی کی تعریف کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کےسوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے اشتعال پھیلانے کے واقعات کے حوالے سے سی ٹی ڈی نے ایف آئی اے سائبرکرائم کے ساتھ حکمت عملی بنالی۔ سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال، نفرت پھیلانے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف شرانگیزی پھیلانے پر بھی کارروائی ہوگی۔ حکام نے بتایا کہ تحریک لبئک پاکستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی فہرست مرتب کرلی گئی اور ایف آئی اے سائبرکرائم میں باقاعدہ شکایت درج کرلی گئی ۔

سی ٹی ڈی نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ آرائی کی تعریفیں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمرشاہد نے کہا کہ کالعدم جماعت سے منسوب سوشل میڈیا کی نشاندہی کرلی گئی ہے ، ہنگامہ آرائی کے لیے بھڑکانے والوں نے ایف آئی اے سائبرکرائم سے رجوع کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ان لوگوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان نے امیر سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا تھا اور اس دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر بھی ہلہ بولا جس دوران 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ تین سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ مظاہروں اور احتجاج کے پیش نظر حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کر ی جس کے بعد تحریک لبیک پاکستان کا نام کالعدم جماعتوں اور تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا گیا تھا۔

FOLLOW US