Sunday January 19, 2025

کشمیریوں کی تحریک انصاف میں جوق در جوق شمولیت سے مخالفین کی نیندیں اڑ چکیں:سردار تنویر الیاس

اسلام آباد: وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی اور چئیر مین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ وتجارت سردار تنویر الیاس خان سے تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی نائب صدر عمرسرفراز چیمہ کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور اور آزاد کشمیر میں ہونے والے آئندہ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔سردرا تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر سے لٹیروں کا راج ختم ہونے والا ہے،انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی سے پورے خطے میں انصاف کا بول بالااور تعمیر و ترقی کے سنہرے دور کا آغاز ہو گا ، کشمیریوں کی جوق در جوق تحریک انصاف میں شمولیت سے مخالفین کی نیندیں اڑ چکی ہیں اور انہیں اپنی شکست واضح دکھائی دے رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماوں سردار تنویر الیاس خان اور عمر سرفراز چیمہ کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی ،دونوں رہنماوں نے ملاقات میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات اور پارٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشمیریوں کا جوق در جوق تحریک انصاف میں شامل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ کشمیری عوام جان چکے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ہی ان کے حقیقی وکیل ہیں ،آزاد کشمیر کی سیاسی پارٹیوں سےمایوس ہو کر روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں افراد تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں،یہ اس بات کی غمازی ہے کہ پی ٹی آئی لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے تحریک انصاف آزاد کشمیر انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بنا کر کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور اللہ کے فضل سے ہم کشمیر میں اتنا کام کریں گے کہ ماضی میں اس کی مثال ملنا مشکل ہو گا ۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں موجود سیاسی جماعتوں سے کشمیری عوام صرف مایوس ہی نہیں بلکہ کرپشن ،لوٹ مار ،اقربا پروری اور من پسند افراد کو نوازے جانے پر سخت نالاں ہیں،عوام روایتی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں ،وسطی باغ ،سندھنوتی ،پونچھ ، کوٹلی ،مظفرآباد سمیت پورے خطے میں تحریک انصاف کا طوطی بول رہا ہے،مخالفین اپنی واضح شکست دیکھتے ہوئے ابھی سے بوکھلا گئے ہیں ۔ اس موقع پر عمرسرفراز چیمہ نے کہا کہ سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے اندر نئی جان پیدا کر دی ہے،شہر شہر جلسے اور سینکڑوں افراد کی روزانہ کی بنیاد پر تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کی عکاس ہےکہ سردار تنویر الیاس کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز بن چکے ہیں ،تحریک انصاف کی قیادت سردار تنویر الیاس کی پارٹی خدمات کی معترف ہے اور ان کی کاوشوں کو سراہتی ہے،ہمیں یقین ہے کہ الیکشن میں تحریک انصاف ہی کلین سویپ کرے گی۔

FOLLOW US