لاہور: رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی پاکستان پر اللہ کا خاص کرم، موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے موسم ٹھنڈا کر دیا، مزید کئی روز بارش ہونے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز پر اللہ نے پاکستانیوں پر خصوصی کرم کیا ہے۔ یکم رمضان المبارک کو ملک میں مغربی ہواوں کا سسٹم داخل ہوا جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری ہوئی۔ ملک کے کچھ شمالی علاقوں میں برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ ملک میں آئندہ چند روز کے دوران مزید بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اگلے 4 سے 5 روزے ٹھنڈے ٹھار ہونے کا امکان ہے۔
ملک میں مغربی ہواوں کا سسٹم داخل ہونے کے بعد آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کیساتھ بارش ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق جن علاقوں میں اچھی بارش ہونے کا امکان ہے ان میں پنجاب کے اضلاع لاہور، جہلم ، سرگودھا، بھکر، خوشاب، گوجرانوالہ، منڈی بہاوالدین اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخواہ میں پشاور، جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال ریجن میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش اورآندھی کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق بالائی پنجاب کے علاوہ ملتان، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، جھنگ ،کوئٹہ، ڑوب، سبی، سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی آندھی، گرج چمک اور بارش ہوگی۔ موسم کی اس صورتحال کے حوالے سے کسانوں کو بھی الرٹ کیا گیا ہے۔ گندم کی فصل کے حوالے سے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ اس مرتبہ موسم سرما میں ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، تاہم گزشتہ ایک ماہ کے دوران بارشوں کی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی۔