Sunday January 19, 2025

مفتی منیب الرحمان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شرکت حکومت کی جانب سے چاند کی رویت کے حوالے سے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے کی کوششیں

پشاور : مفتی منیب الرحمان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شرکت۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ملک میں ایک ہی روز رمضان المبارک کے آغاز کی کوششیں کی جا رہی تھیں جو کامیاب رہیں۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت نے رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے حوالے سے اتفاق رائے سے فیصلہ کرنے کی کوشش کی، اسی لیے ماہ مقدس کے چاند کی رویت کے حوالے سے ناصرف مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی پوپلزئی کو آن بورڈ لیا گیا، بلکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سابق چئیرمین مفتی منیب الرحمان کو بھی پشاور میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں منعقدہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں مفتی منیب الرحمان نے بھی شرکت کی۔ اس حوالے سے نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے قوم کو ایک ہی دن متفقہ روزہ رکھنے کا تحفہ ملا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کی واضح ہدایات تھیں کہ سائنسی علوم ، شریعت اسلامیہ کے احکامات کی روشنی میں رویت ہلال کا مسئلہ حل کیا جائے ۔ رمضان المبارک کا آغاز پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارک ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر وفاقی وزارت مذہبی امور ، رویت ہلال کمیٹی ، وزارت سائنس ، نمائندہ خصوصی نے قومی اتفاق پیدا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ ہم تمام علما و مشائخ کا وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تبارک و تعالی رمضان المبارک کی عظمتیں ، برکتیں پوری امت کو عطا فرمائے ۔

واضح رہے کہ منگل کی شام کو پشاور میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے منعقدہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئیرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے۔ یوں یکم رمضان المبارک 1442ھ کل 14 اپریل بروز بدھ کو ہوگی، پوری قوم کو ماہ مبارک کی آمد مبارک ہو۔ دوسری جانب ملک میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے حوالے سے ہمیشہ تنازعے کا باعث بننے والے مسجد قاسم علی خان پشاور کے امیر مفتی پوپلزئی نے بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے ۔ ان شاء اللہ کل 14 اپریل بروز بدھ پہلا رمضان المبارک ہوگا ۔ اللہ عزوجل رمضان المبارک کو خیر و عافیت سے گزارے ۔ اور اللہ عزوجل اس مبارک مہینے کے خاطر کرونا وبا کو اختتام بخشے ۔

FOLLOW US