Wednesday May 15, 2024

پی آئی اے نے لاہور سے اسکردو کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا، کرایہ زمینی سفر سے بھی کم

لاہور : قومی ایئر لائن پی آئی اے نے لاہور سے اسکردو کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے بتایا ہے کہ لاہور سے پہلی پرواز 153 مسافر کو لے کر اسکردو روانہ ہوگئی ، جب کہ ہفتہ وار لاہور سے 2 پروازیں اسکردو کے لیے روانہ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اندرون ملک مختلف شہروں کو فضائی رابطہ سے منسلک کر رہی ہے ، جب کہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اپنا قومی کردار ادا کر رہے ہیں ، اسی ضمن میں لاہور سے سوات کے لیے بھی پروازیں شروع کی گئی ہیں۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے اسکردو کے لیے یک طرفہ کرایہ 7 ہزار 500 روپے مقرر کیا گیا ہے، قومی ایئر لائن لاہور سے اسکردو کے لیے ایئر بس 320 استعمال کرے گی ، خیال رہے کہ کچھ دن قبل ہی سوات ایئرپورٹ کو بھی 17 سال بعد پروازوں کے لئے بحال کر دیا گیا ہے جس کے بعد ائیرپورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی پرواز بھی چند روز قبل لینڈ کر گئی ، سوات ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پرواز پی کے 650 اسلام آباد سے سوات لینڈ کی ، اس پرواز میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر مراد سعید اور وزیر ہوا بازی غلام سرور خان بھی موجود تھے۔ بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد سے سوات کے لیے ہفتے میں دو دن پروازیں چلائی جائیں گی ،اسلام آباد سے سوات فلائٹس کراچی اور لاہور سے آنے والی فلائٹس کے ساتھ کنیکٹ ہوگی ، جس کا لاہورسے سوات کم ازکم کرایہ 6 ہزار 220 روپے اور اسلام آبادسے سوات کم ازکم کرایہ 5ہزار888روپے رکھاگیاہے ،پروازوں سے سیاحت کوفروغ اور پی آئی اے کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔

FOLLOW US