Tuesday January 21, 2025

وزیراعظم عمران خان8 اپریل کو دسویں ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کرینگے ڈی ایٹ کانفرنس بنگلا دیش کی طرف سے ورچوئلی منعقد کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان8 اپریل کو دسویں ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دسویں ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کرینگے، وزیراعظم ورچوئل کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی ایٹ کانفرنس بنگلا دیش کی طرف سے ورچوئلی منعقد کی جا رہی ہے۔ دفتر خارجہ نے بتایا کہ ڈی ایٹ کانفرنس کا اس مرتبہ تھیم ’بدلتی ہوئی دنیا کے لیے اشتراک: نوجوانوں اورٹیکنالوجی کو تقویت دینا‘ ہو گا۔

دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ بنگلادیش میں ہونے والی ڈی ایٹ کانفرس میں بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملیشیا، نائجیریا، ترکی اور پاکستان‘ کے سربراہ شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈی ایٹ تنظیم کے مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ اور عوامی زندگیوں میں بہتری بھی شامل ہے۔ ڈی ایٹ کا تنظیمی ڈھانچہ سمٹ، کونسل اور کمیشن پر مبنی ہے۔ سمٹ میں سربراہان مملکت، کونسل میں وزراءخارجہ جبکہ کمیشن میں اعلیٰ حکام اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تنظیم کے چارٹر کے تحت زراعت، فوڈ سیکورٹی، توانائی، معدنیات، صنعتی تعاون، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ شامل ہے۔پاکستان ڈی ایٹ تنظیم کا متحرک رکن ہے۔

FOLLOW US