اسلام آباد : جہانگیرترین کا پیپلز پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کرنے سے انکار، شہلا رضا نے اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور صوبہ سندھ کی وزیر برائے وومن ڈویلپمنٹ سیدہ شہلا رضا نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے متعلق ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔اپنی ٹوئٹ میں شہلا رضا کا کہنا تھاکہ جہانگیر ترین نے مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی ہے اور اگلے ہفتے کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔
شہلا رضا نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھاکہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ’ خیال ہے کہ جہانگیر ترین اس ملاقات میں پی ٹی آئی چھوڑنے اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لیں گے، اگر واقعی ایسا ہوگیا تو نہ بزدار رہے گا نہ نیازی ہوگا‘۔ تاہم جہانگیر ترین نے شہلا رضا کے دعوے کی تردید کردی ہے جس کے بعد اب صوبائی وزیر نے اپنی ٹوئٹ ہی ڈیلیٹ کردی ہے۔ واضح رہے کہ شوگر اسکینڈل میں نامزد تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے حوالے سے کافی عرصے سے خبریں گردش کر رہی ہیں ان کے اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان اختلافات پیدا ہو چکے۔یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ جہانگیر ترین نے لندن میں نواز شریف سے ملاقاتیں کیں اور وہ ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے پر غور کر رہے ہیں، تاہم بعد ازاں جہانگرین ترین نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کیساتھ مل کر شریف خاندان کیخلاف جدوجہد کی، وہ کسی صورت ن لیگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
جبکہ گزشتہ ماہ ہوئے سینیٹ الیکشن سے قبل بھی یہ افواہیں گردش کرتی رہیں کہ جہانگیر ترین پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو فتح دلوانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔جہانگیر ترین نے ان افواہوں کی بھی تردید کی۔ جبکہ ایک انٹرویو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے بھی اعتراف کیا تھا کہ ان کے اور جہانگرین ترین کے تعلقات اب پہلے جیسے نہیں رہے، جہانگیر ترین اس وقت تحریک انصاف میں نہیں ہیں۔