Tuesday January 21, 2025

چینی کی چھوٹی سی دکان چلانے والا شخص چند برسوں میں کروڑوں روپے کمانے لگا شیخ منظور کے سٹہ بازی کے ذریعے13.5 ارب روپے کی چینی کی خریدو فروخت کا انکشاف

لاہور : چینی کی چھوٹی سی دکان چلانے والا شخص چند برسوں میں کروڑوں روپے کمانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی کارروائی میں گرفتار سٹہ باز شیخ منظور نے سٹہ بازی کے ذریعے13.5 ارب روپے کی چینی کی خریدو فروخت کا تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے۔ ایف آئی اے کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں شیخ منظور نے بتایا کہ 2007سے2015 پندرہ تک چینی کی دکان تھی، سال 2015میں تاندلیانوالہ شوگر ملز سے چینی کی بروکری شروع کی۔ ایف آئی اے کو دئیے گئے بیان میں شوگر سٹہ بازی کااعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پانچ سال میں13.5ارب روپےکی چینی کی خریدوفروخت کی،

جےڈی ڈبلیو،حمزہ شوگر طیب گروپ کیلئےسٹےکا کاروبار کیا، سویرا گروپ ، المیعز شوگر ملز کیلئے سٹےکا کاروبار کیا، اس کے علاوہ شوگر بروکرز محمود بھلی ، مشتاق پراچہ سے چینی خرید تا تھا۔ شوگرسٹہ بازشیخ منظور نے شوگر سٹہ کے سولہ واٹس گروپس میں سے چار گروپس کا ممبر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان واٹس گروپس کے ذریعے چینی سٹہ جیسے مکروہ کاروبار کرنے پر ندامت ہے۔ شیخ منظور نے بتایا کہ شوگر ملز تقریباً کم سے کم ایک ماہ چینی کی بکنگ کرتی ہیں، اس دوران چینی کی قیمتوں میں فی بوری 200سے 250روپے اضافہ ہوتا ہے، چینی کو مہنگے داموں فروخت کرنے کے لئے دانستہ طور پر مارکیٹ میں چینی کی کمی پیدا کی جاتی تھی، جس کے باعث شوگر ڈیلر سٹہ مافیا کو منہ مانگی رقم دینے پر مجبور ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل چینی شوگر مافیا کے حوالے سے معاون خصوصی برائے احتساب نے اہم انکشاف کیا تھا کہ ان لوگوں نےپہلے سےطے کر رکھا تھا کہ اپریل میں چینی کا ریٹ کیا ہوگا؟، شوگر سٹہ بازوں کی واٹس ایپ گروپ تک رسائی کے دوران پتہ چلا کہ رمضان المبارک میں چینی کی قیمت میں 20سے25فیصد تک اضافہ کیا جارہا تھا۔

شہزاد اکبر نے بتایا کہ شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چالیس سے زائد سٹہ بازوں کے سولہ کے قریب واٹس ایپ گروپ کا سراغ لگایا گیا، ان سٹے بازوں کے اکاؤئنٹ میں موجود 32 کروڑ کی رقم منجمد کردی ہے، اس کے علاوہ سٹے بازوں نے 392 بےنامی اکاؤنٹس ملازمین کےنام پر کھولے، عارضی استعمال کےبعد بےنامی اکاؤنٹ بند کردیئےگئے۔

FOLLOW US