Tuesday April 16, 2024

کورونا کی صورتحال ابھی بہتر نہیں ہوئی محکمہ صحت نے تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے کی تجویز دے دی

اسلام آباد: محکمہ صحت نے تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے کی تجویز پیش کردی، کورونا کی صورتحال ابھی بہتر نہیں ہوئی، بچوں کی صحت کیلئے سکولوں کو مزید بند رکھا جائے، وزراء تعلیم نے سکول بند کرنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے میں دو روز امتحانات کیلئے سکولوں کو کھولا جائے، نویں سے بارہویں جماعت کے بچوں کو ہفتے میں دو روز سکول بلانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر( این سی او سی) کے تحت صوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس جاری ہے۔

وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت اجلاس میں 11 اپریل کو تعلیمی ادارے کھولنے یا مزید بند رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزارت صحت اور این سی او سی حکام کورونا صورتحال پر بریفنگ دے رہے ہیں۔ محکمہ صحت اسلام آباد نے تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے کی تجویز دی ہے، اسلام آباد اور پنجاب سمیت دوسری جگہوں پرکورونا کیسز کم ہونے تک تعلیمی اداروں کو نہ کھولا جائے۔ اسلام آباد میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بھی زیادہ ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے تجویز دی کہ ہفتہ میں امتحانات کیلئے دو روز سکولوں کو کھولا جائے۔ واضح رہے لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ملک بھرمیں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 46ہزار665 ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے3 ہزار953 کیسز سامنے آئے۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.47 فیصد رہی۔ ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 103 افراد انتقال کرگئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 42 افراد چل بسے،4 ہزار 323 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.96 فی صد ہوگئی۔

FOLLOW US