Saturday May 4, 2024

دنیا بدل گئی لیکن پنجاب پولیس کے کرتوت نہیں بدلے قصور میں پولیس اہلکاروں نے گھر میں گھس کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

چونیاں : دنیا بدل گئی لیکن پنجاب پولیس کے کرتوت نہیں بدلے، قصور میں پولیس اہلکاروں نے گھر میں گھس کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، سب انسپیکٹر نے خاتون کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، خاتون پر ہی مقدمہ بھی درج کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی پولیس کے کرتوت نہیں بدلے۔ حکومت بار بار پولیس کے نظام میں اصلاحات لانے کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن آئے روز پنجاب پولیس کی جانب سے عوام کی تذلیل کیے جانے کا کوئی نہ کوئی واقعہ سامنے آتا رہتا ہے۔

اب پنجاب کے ضلع قصور میں پیش آئے ایک واقعے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے عوام کو شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا۔ ضلع قصور کے علاقے چونیاں میں پولیس اہلکاروں نے ایک گھر میں گھس کر وہاں موجود خاتون پر تشدد کیا اور اس سے بدتمیزی بھی کی۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں قصور پولیس کا سب انسپکٹر جمیل خان ملوث ہے۔ سب انسپکٹر جمیل خان نے خاتون کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور اسے لاتیں اور تھپڑ بھی مارے۔ سب انسپکٹر جمیل خان کے تشدد کی وڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او قصور نے نوٹس لے کر جمیل خان کو معطل کردیا اور واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔پولیس کے مطابق خاتون کے خلاف اس کے سابق شوہر نے مکان پر قبضے کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس تمام واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد عوام کی جانب سے ملوث پولیس اہلکاروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا یہ ہے پولیس کے نظام کی وہ تبدیلی جس کا وعدہ کیا گیا تھا؟
News Source: Urdu Point

FOLLOW US