Friday January 24, 2025

طویل عرصے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب۔ ملک میں ایک ہی روز رمضان المبارک کے آغاز کی کوشش مفتی پوپلزئی کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد: طویل عرصے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب، ملک میں ایک ہی روز رمضان المبارک کے آغاز کی کوششوں کے سلسلے میں مفتی پوپلزئی کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت۔ تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ہم 13 اپریل کو رمضان کے چاند کو دیکھنے کیلئے آئندہ اجلاس پشاور میں کر رہے ہیں اور مفتی پوپل زئی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس میں شریک ہوں یا اپنے نمائندوں میں سے کسی کو بھیجیں تاکہ اتفاق رائے سے فیصلہ ہو۔

رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر نے بتایا کہ پہلی مرتبہ مرکزی کمیٹی نے ضلعی سطح پر رویت ہلال کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ گواہوں کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے ملک میں رمضان المبارک کے آغاز سے متعلق قبل از وقت اعلان کیے جانے پر چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ماضی میں چاند دیکھنے سے متعلق متعدد اعلانات کی وجہ سے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا۔
یہ شریعت کی نافرمانی کی بات نہیں ہوگی تاہم ملک میں رمضان اور عید کی مختلف تاریخیں ہونے پر قومی فخر کو نقصان پہنچتا ہے۔ ریاست نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ اسلامی مہینوں کے آغاز کے لیے نئے چاند سے متعلق حتمی اعلان کرے۔ فواد چوہدری کو کمیٹی کے اجلاس کا انتظار کرنا چاہیے تھا کیونکہ وزارت سائنس کا ایک سینئر افسر کمیٹی کا ممبر ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں رمضان کا چاند 13 اپریل کو دیکھا جا سکے گا۔وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق اسلام آباد ،لاہور، پشاور اور کراچی میں چاند واضح طور پر دیکھا جا سکے گا اور انشاءاللہ پہلا رمضان 14 اپریل کو ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دنیا میں رمضان کے چاند کی پیدائش 12 اپریل 2021کی صبح ہوگی اس روز پاکستان میں 28 شعبان ہوگی اور 12 اپریل کو پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر خطوں میں غروب آفتاب کے وقت رمضان کے چاند کی رویت ناممکن ہے کیونکہ اس روز غروب آفتاب کے ٹھیک 18 منٹ اور 37 سیکنڈ کے بعد چاند خود بھی غروب ہوجائے گا اور قطعی امکان ہے کہ 13 اپریل بمطابق 29 شعبان پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر علاقوں میں رمضان کا چاند نظر آجائے۔ 29 شعبان کو چاند کی رویت سے پاکستان میں پہلا روزہ بدھ 14 اپریل کو ہوگا۔

FOLLOW US