Tuesday April 23, 2024

چینی، آٹا، دالوں کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ عوام آئندہ اڑھائی سالوں میں حکومت کی حقیقی کارکردگی دیکھیں گے، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اڑھائی سال میں حکومتی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بنیادی اشیاء سے متعلق قانون سازی کر رہی ہے، مصنوعی منہگائی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ حماد اظہر نے اجلاس کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ شہزاد اکبر نے بنیادی اشیائے خورونوش سے متعلق قانون سازی پر بریفنگ دی۔ حکومت بنیادی اشیا سے متعلق قانون سازی کر رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اڑھائی سالہ حکومتی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے۔ مصنوعی منہگائی کرنے والوں کیخلاف بلاامتیازکارروائی ہوگی۔
کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ چینی، آٹا اوردالوں کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو رمضان میں آٹا، چینی اور دیگراشیاء سستی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے رمضان میں بھرپور ریلیف دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں کی فراہمی سستے داموں یقینی بنائی جائے گی۔ دوسری جانب ماڈل بازاروں میں مہنگی اور ناقص اشیاکی فروخت کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی گئی ۔مسلم لیگ (ن)کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے ماڈل بازاروں میں مہنگی اور ناقص اشیاخوردونوش کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں ۔

ماڈ ل بازاروں میں غیر معیاری چینی اور آٹا فروخت ہو رہا ہے،ماڈل بازاروں میں متعدد سبزیاں سنچری کراس کرگئی ہیں۔ پھلوں اور سبزیوں کے دام من مرضی کے وصول کیے جائیں رہے ہیں۔ قرار داد میں مطالبہ کیاگیا کہ ماڈل بازاروں میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اورناجائز منافع خوروں کیخلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔

FOLLOW US