Thursday May 16, 2024

آٹا، چاول، دالیں، چینی، انڈے، سبزیاں سب کچھ پہلے سے زیادہ مہنگا ہوگیا ملک میں مہنگائی کی شرح 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

لاہور:آٹا، چاول، دالیں، چینی، انڈے، سبزیاں سب کچھ پہلے سے زیادہ مہنگا ہوگیا، ملک میں مہنگائی کی شرح 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں۔ جاری رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں مہنگائی کی مجموعی شرح 8.64 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ مارچ کے ماہ میں مہنگائی کی شرح 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے ماہ میں آٹا، چاول، دالیں، چینی، انڈے، سبزیوں سمیت دیگر کئی اشیاء مزید مہنگئی ہوگئیں۔ مارچ کے ماہ میں انڈے 12.96 فیصد، پھل 10 فیصد، آلو 9.54 فیصد مہنگے ہوئے، مرغی 6.58 فیصد، چینی 4.82 فیصد، ٹماٹر 4.67 فیصد اور دال ماش 4.57 فیصد مہنگی ہوئی،چاول 1.61 فیصد اور آٹا بھی 1.46 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ کاٹن کے کپڑے، گاڑیوں کے پارٹس، ادویات اور واشنگ سوپ بھی مہنگے ہوئے۔ کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی، ایک ماہ میں پیاز 2.37 فیصد، خشک میوہ جات 2.19 فیصد اور مچھلی 1.78 فیصد سستی ہو گئیں۔ یہاں یاد رہے کہ وزیراعظم نے کچھ روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ اب ملک میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالا میں اجلاس ہوا تھا جس میں مہنگائی اور عوامی مفادات سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلی حکومت ہے جو مافیا کے سامنے کھڑی ہوئی ہے۔ سٹہ باز، قبضہ اور شوگرمافیا نے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا، عوام کے مفاد کو جو بھی نقصان پہنچائے گا اسے نہیں چھوڑیں گے۔ پاکستانی معیشت کے اچھے دن آنے والے ہیں۔ آئندہ دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں نے یورو بانڈز میں اعتماد کا اظہار کیا۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ رمضان میں پناہ گاہوں میں سحراورافطار کا انتظام کیا جائے۔ رمضان میں ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے۔ رمضان ہر چیز کی نگرانی میں خود کروں گا۔

FOLLOW US