Tuesday April 30, 2024

موجودہ حکومت کو پاکستان پیپلزپارٹی نے گرنے سے بچالیا وزیر اعظم عمران خان اسمبلی توڑنے جا رہے تھے جس پر آصف زرداری صاحب نے ان کی حکومت کو سہارا دیا

اسلام آباد : سینئر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو گرنے سے پاکستان پیپلزپارٹی نے بچالیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اسمبلی توڑنے جا رہے تھے جس پر سابق صدر آصف علی زرداری نے ان کی حکومت کو سہارا دیا کیوں کہ اسٹیبلشمنٹ بھی نہیں چاہتی تھی کہ وزیراعظم عمران خان اسمبلی توڑیں۔ تجزیہ کار کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری موجودہ اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہیں جب کہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کو بعض حوالوں کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کے حوالے سے چلنے والی خبریں مسترد کردی ، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء نیئر بخاری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمینٹ سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی ، اگر ڈیل ہوتی تو کیا یوسف رضا گیلانی ہار جاتے؟ پیپلزپارٹی پر ملبہ گرانا درست بات نہیں حقیقت یہ ہے کہ پی ڈی ایم استعفوں کی بات پر جواب نہیں دے سکی ، استعفوں کے بعد کی حکمت عملی بارے بھی کوئی جواب نہیں ملا ، ہمیں مطمئن نہیں کیا جا سکا کہ استعفوں کے بعد کیا ہوگا۔ نہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی 20 ستمبر کو ہونے والے معاہدے پر قائم ہے ، لانگ مارچ ، عدم اعتماد اور سب سے آخری آپشن استعفوں کا تھا۔ نیئر بخاری نے کہا کہ پی ڈی ایم قائم اور پیپلزپارٹی اس کا حصہ ہے ، آصف زرداری اور مریم نواز کے درمیان کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی ، پیپلزپارٹی جلد استعفوں سے متعلق اپنی رائے دے گی ، پی ڈی ایم کا متفقہ معاہدہ اب بھی موجود ہے ، جس میں لانگ مارچ کے ساتھ استعفے دینے کا معاہدہ نہیں تھا۔

FOLLOW US