Saturday May 4, 2024

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے کھولنے کی خواہش کا اظہار کر دیا آن لائن تعلیم میں وہ بات نہیں جو کلاسز میں ہوتی ہے

اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے کھولنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے لاہور چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں کئی اقدامات کیے۔ اسکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے۔ آن لائن پڑھائی سے طالب علم خوش نہیں ہیں۔ آن لائن تعلیم میں وہ بات نہیں جو کلاسز میں ہوتی ہے ۔ وزارت تعلیم کی خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہے ۔دوبارہ سکول کھولنے کا فیصلہ صورتحال دیکھ کر کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں میں زیادہ تر سلیبس اردو پڑھایا جاتا ہے۔ایلیٹ اسکولوں میں سلیبس انگریزی میں ہے۔تقسیم کو ختم کرنے کے لیے حکومت نے یکساں تعلیمی نظام بنایا ہے۔

پنجاب ، خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں میں یکساں نظام تعلیم لایا جائے گا۔ یکساں تعلیمی نصاب تمام تعلیمی اداروں میں نافذ ہو گا۔شفقت محمود نے مزید کہا کہ ہم تو پبلشرز کو رپیڈ طریقے سے رجسٹریشن کروانا چاہتے ہیں۔پنجاب میں رجسٹریشن کے لیے مشکلات ہیں۔خیال رہے کہ کورونا وباء کی تیسری لہرسنگین ہوگئی، تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیوں کا امکان پیدا ہو گیا،گذشتہ روز شفقت محمود نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر شدت اختیار کرچکی ہے، جس کے باعث احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ 24 مارچ بروز بدھ کو تمام صوبوں کے وزراء تعلیم اور وزراء صحت کا اجلاس ہوگا۔ جس میں کورونا کیسز کی تعداد اور این سی اوسی کے فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ این سی اوسی کے فیصلوں کی روشنی میں تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیاں کرنے یا تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے طلباء، اساتذہ اور ملازمین کی صحت اولین ترجیح ہے۔

FOLLOW US