لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت کے سر پر بیٹھنا ہوگا ، دھرنا 126 دن کا ریکارڈ توڑ کر127 دن ہونا چاہئے ، ان کا علاج لانگ مارچ ہے جو ضرور ہوگا ، زرداری کی میٹنگ کی خبر جس نےدی اس نے پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کو نقصان پہنچایا ، جس نے نام پر مہر لگانے کا کہا کہ اس پر بھی تحقیقات ہونی چاہیے ، میری ذاتی رائے ہے یہ غلطی سے بڑی چیز ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاتی اُمراء میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ عید کے بعد ہمارا لانگ مارچ بھی ہوگا اور دھرنا بھی ہوگا ،
لانگ مارچ عید کے بعد تک ملتوی ہوا ہے ، اس کو ختم نہیں کیا گیا کیوں کہ ہماری تحریک حق اور سچ کے لیے ہے جو ضرور کامیاب ہوگی ، چاہے پی ڈی ایم تحریک کو 10 پارٹیاں چلائیں 9 چلائیں یا 3 یہ کامیاب ہوگی۔ سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ عید الفطر کے بعد ترجمانوں اور گالی گلوچ بریگیڈ کی اچھل کود ختم ہونے والی ہے ، اگر میری ذاتی رائے لی جائے تو دھرنا 126 دن کا ریکارڈ توڑ کر127 دن ہونا چاہئے، لانگ مارچ ضرور ہوگا کیوں کہ ان کا علاج ہی لانگ مارچ ہے ، جس کے لیے ان کے سر پر بیٹھنا ہوگا ، تاہم لانگ مارچ استعفوں کے ساتھ ہوتا ہے یا اس کے بغیر پی ڈی ایم اس کا فیصلہ کرے گی تاہم اپوزیشن اتحاد میں شامل 9 پارٹیوں نے تجویز دی کہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دیئے جائیں ، عید کے بعد پی ڈی ایم دوبارہ منظم ہو کر لانگ مارچ کا اعلان کرے گی اور اس حکومت کو چلتا کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ الیکشن میں جس نے بھی نام پر مہر لگانے کا کہا کہ اس پر بھی تحقیقات ہونی چاہیے ، یہ غلطی ہے یا سازش ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی اس کی تحقیقات کروائے کیوں کہ یہ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کے لیے بہتر ہوگا ، میری ذاتی رائے ہے یہ غلطی سے بڑی چیز ہے۔