Sunday May 19, 2024

کئی ماہ بعد ملک گیر بارشوں کا طاقتور ترین سسٹم پاکستان میں داخل، موسلادھار بارش اور ژالہ باری شروع

اسلام آباد : کئی ماہ بعد ملک گیر بارشوں کا طاقتور ترین سسٹم پاکستان میں داخل، بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری، آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کا سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں کو لپیٹ میں لے لے گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب ،شمالی اوروسطی بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اوربالائی سندھ میں آ ندھی ،تیزہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پرژالہ باری اورچند مقا مات پر موسلادھا ربارش بھی ہوسکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملک گیر طاقت ور بارشوں کا سسٹم پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ جبکہ 2 روز قبل جاری رپورٹ میں محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتہ موسمیاتی تبدیلیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے لاہور سمیت صوبے بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔ اتوار سے منگل ملک میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کی شب پاکستان میں داخل ہوگا، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایات کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اتور کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللہ، سبی، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد، سکھر اورلاڑکانہ، کشمیر، گلگت بلتستان، دیر، سوات، چترال میں بھی بارش کا امکان ہے۔ اتوار سے منگل تک ایبٹ آباد، پشاور اور ڈیرہ اسماعیل میں بھی بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد ، راولپنڈی، جہلم ، ڈی جی خان، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، جھنگ، لاہور، گوجرانوالہ، قصوراور اوکاڑہ میں بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ، لاہور اور قصور میں بدھ کے روز بارش کا امکان ہے۔ پیراور منگل کو خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی اور شہر کا موسم تبدیل ہو گا۔

FOLLOW US