Sunday January 19, 2025

وزیر اعظم کورونا میں مبتلا، رابطے میں رہنے والے تمام افراد کا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کے عالمی وباء کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد ان سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس اور عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ میں تعینات تمام عملے کا کورونا ٹسیٹ کیا جائے جائے گا جب کہ وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور ملٹری سیکریٹری کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مراد سعید کا بھی کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ دیگر وفاقی وزراء ، خصوصی معاونین اور تمام دیگر اہم شخصیات کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

اسی حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ے رابطے میں رہنے والوں کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوگا ، کیوں کہ یہ وائرس زیادہ آسانی سے پھیلتا ہے ، اس قسم کا وائرس ایک شخص کو ہو تو پورے خاندان کو ہوتا ہے ، اس لیے جو لوگ 2 سے 3دن رابطے میں رہے ان کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔ بتاتے چلیں کہ کورونا کی تیسری لہر نے ملک کے سربراہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وزیراعظم عمران خان کورونا کا شکار ہو گئے ، وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آ گیا ہے جس ے بعد وزیراعظم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ، وزیراعظم نے دو روز پہلے ہی کورونا ویکسین لگوائی تھی، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عمران خان کو کورونا ہونے کی تصدیق کی۔

تاہم عالمی وباء کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان سرکاری امور گھر سے سرانجام دیں گے ، وزیر اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود وہ چھٹی پر نہیں جائیں گے بلکہ قرنطینہ میں رہنے کے عرصے کے دوران وہ تمام سرکاری امور گھر سے سرانجام دیں گے جب کہ ویڈیو لنک کے ذریعے تمام اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

FOLLOW US