لاہور: وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایوان وزیرا علیٰ میں ملاقات کی ۔ ون آن ون ہونے والی ملاقات میںوزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم کو صوبے کے انتظامی امور اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر سیاسی صورتحال بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی موجودگی میں چیف سیکرٹری سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے بھی ملاقات کی ۔
وزیرا علیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کو بریفنگ میں کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کو تیز کر دیا ہے۔ قبضہ مافیا سے واگزار ہونے والی زمینیں عوامی مفاد میں استعمال کے لئے کمیٹی بھی بنا دی ہے۔ وزیراعلی نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کی ہدایت کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں سہولت بازار لگانے کے لئے اتھارٹی قائم کر دی ہے۔ صوبائی وزرا ء کو صوبہ بھر میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر چیک رکھنے کے لئے ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کی جانب سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم عمران خان نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تعریف ہیں،مہنگائی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف دینے کے لئے حکومتی اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ذخیرہ اندوزوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور ان میں تیزی لائی جائے ۔