Thursday January 16, 2025

اسلام نے خواتین کو سب سے زیادہ حقوق مہیا کیے ،امریکی خاتون نے پاکستان آکر اسلام قبول کرلیا

کراچی : امریکی خاتون نے کراچی آکر اسلام قبول کرلیا،نومسلم خاتون کا کہنا ہے کہ اسلام قبول کرنے کے بعد خود کو خوش قسمت تصور کر رہی ہوں۔تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والی خاتون نے اسلام قبول کر لیا ہے۔42 سالہ عیسائی خاتون ٹیفنٹی سلسیٹ سمتھ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں آئی اور اسلام قبول کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مولانا نعمان نعیم نے خاتون کو کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا اور ان کا نام عائشہ امینہ تجویز کیا ۔اس موقع پر عائشہ امینہ کو اسلام قبول کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی گئی ۔عائشہ امینہ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں اپنی مسلمان سہیلیوں سے متاثر ہو کر قرآن مجید کا مطالعہ کیا۔

اسلام نے خواتین کو سب سے زیادہ حقوق مہیا کیے ہیں، قرآن مجید کا مطالعہ کیا ہے اور اسی سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرنے کا ارادہ کیا اور اسی مقصد کے لئے میں جامعہ بنوریہ عالمیہ آئی۔ انہوں نے مزید کہا کے اسلام قبول کرنے کے بعد خود کو خوش قسمت تصور کر رہی ہوں۔اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے ۔مولانا نعمان نعیم کا کہنا ہے کہ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جو شروع سے اپنی حقیقی شکل و صورت میں برقرار ہے اور زندگی کے تمام شعبوں میں قیامت تک آنے والے انسانوں کی رہنمائی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈوں کے باوجود آئے روز سینکڑوں غیر مسلم اسلام قبول کر رہے ہیں ،اسلام نے خاتون کو عزت و عظمت سے نوازا ہے اور آج کل کی دنیا میں خواتین کے حقوق سے محروم ہیں تو اسلام سے دوری کا نتیجہ ہے۔

FOLLOW US