Sunday January 19, 2025

وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو فارغ کرنے کا مطالبہ خان صاحب! پنجاب آپ کی حکومت کا رستا ہوا زخم بن گیا ہے

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے حمایت یافتہ سینئر تجزیہ کار کامران خان نے کہا ہے کہ خان صاحب! پنجاب آپ کی حکومت کا رستا ہوا زخم بن گیا ہے، لاہور میں کوڑے کے ڈھیروں نے حکومت کو مذاق بنا دیا ہے، آپ کے پرنسپل سیکرٹری سے ہرکوئی سخت نالاں ہے، عثمان بزدار اور اعظم خان کو فارغ کرنا ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے مخاطب ہوں آپ گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی سے اکثریت کھو چکے تھے بہرحال آپ نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیا جس سے آپ کی حکومت نے ایک دوسرا جنم لیا ہے،

خان صاحب میں نے ہمیشہ آپ کی بہتری جانی، آپ کا خیرخواہ رہا ہوں اور ہر درجہ آپ کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ مگر آج بِنالگی لپٹی آپ کے سامنے ان گنت پاکستانیوں کے جذبات کا نچوڑ پیش کروں گا، دوسرے جنم میں اگر آپ کی حکومت نے عوام کی نہ سنی تو آئندہ الیکشن جیتنا دور کی بات ہے، اعتماد کا ووٹ لینا بھی محال ہوجائے گا۔ ناقابل برداشت مہنگائی ، کمرتوڑ آٹا چینی کی قیمتیں آپ کی پہچان بن گئی ہیں۔ آپ چاہے الٹے لٹک جائیں مہنگائی کو قابو میں لائیں۔ پنجاب آپ کی حکومت کا رستا ہوا زخم بن گیا ہے۔ آدھی درجن آئی جیز، چیف سیکرٹریز کے تبادلوں کے باوجود لاہور میں کوڑے کے ڈھیروں نے بزداراور ان کی حکومت کو مذاق بنا دیا ہے۔ آپ کا کوئی ایسا سپورٹر نہیں جو آپ کی جانب سے بزدار کی مسلسل حمایت پر حیران اور پریشان نہیں ہے، خان صاحب حکومت کے دوسرے جنم میں بزدار کو فارغ کرنا ہوگا، پنجاب میں نئی توانا ٹیم اتارنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ سے منسلک سیاسی غیرسیاسی شخصیات وفاقی بیوروکریسی اور پرنسپل سیکرٹری ٹووزیراعظم سے سخت نالاں ہیں۔

تعصب پایا جارہا ہے کہ اعظم خان نے آپ کی فیصلہ سازی کو ہائی جیک کرلیا ہے۔حکومت کے دوسرے جنم میں اعظم خان کا متبادل ڈھونڈنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ہی گھر خیبرپختونخواہ میں تذبذب کی کیفیت میں ہے، نوشہرہ میں شرمناک شکست گواہ ہے کہ خیبرپختونخواہ میں وزیراعلیٰ محمود خان کے اندازحکمرانی نے پی ٹی آئی کو منتشر کردیا ہے، لہذا عمران خان کو خیبرپختونخواہ میں بھی اب خود اترنا ہوگا۔

FOLLOW US