اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی فضاء میں صادق سنجرانی سے نہیں مل سکتا، صادق سنجرانی بطورامیدوار چیئرمین سینیٹ ووٹ مانگنے کیلئے ملاقات چاہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر مملکت آصف زرداری نے چیئرمین سینیٹ اور حکومتی اتحاد کے مشترکہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار صادق سنجرانی کی ملاقات کی درخواست قبول نہیں کی۔
صادق سنجرانی نے پیپلزپارٹی کے سینیٹر کے ذریعے سابق صدر آصف زرداری کو ملاقات کرنے کیلئے پیغام بھیجا ، کہ وہ آصف زرداری سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں جس کا مقصد سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ مانگنا ہے۔ لیکن آصف زرداری نے یہ کہتے ہوئے ملاقات کرنے سے انکار کردیا کہ موجودہ سیاسی حالات ، سینیٹ الیکشن میں پیسا چلانے کی الزام تراشیوں کی فضاء ملاقات نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار یوسف رضا گیلانی ہیں، پی ڈی ایم کی سینیٹ میں اکثریت ہے، اپوزیشن جماعتیں مشترکہ طور پر چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو منتخب کروائیں گی۔ واضح رہے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے 12مارچ بروز جمعے کو پولنگ ہوگی، جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا ، پی ڈی ایم کی جماعتوں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن ، جے یوآئی ف ، اے این پی ودیگر کے مشترکہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی ، اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار عبدالغفور حیدری ہیں، جبکہ حکمران جماعت تحریک انصاف ، ق لیگ، بی اے بی، ایم کیوایم اور جے ڈی اے کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی ہیں، تاہم حکومتی اتحاد نے ابھی تک ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے نام کو فائنل نہیں کیا۔ سینیٹ میں تاحال اپوزیشن جاعتوں پی ڈی ایم کی عددی لحاظ سے اکثریت ہے جبکہ حکومتی اتحاد بھی آزاد اراکین کو ساتھ ملاکر الیکشن جیتنے کی پوری کوشش کررہا ہے۔