Friday May 17, 2024

مہنگائی سے تنگ عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا، ڈریپ کی جانب سے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: ڈریپ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، شوگر انسولین کی قیمت میں 1000 روپے، رائزک 280 تک مہنگی ہوگئی، سربیکس زیڈ 245 تک پہنچ گئی، آگمینٹن 187 سے201 روپے ہوگئی، اینٹی بائیوٹکس کی قیمتوں کا تعین کنزیومر پرائس انڈکس کے تحت کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے ادویات کی قیمتیں بڑھا کر مہنگائی میں پِسی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ شوگر انسولین کی قیمت ایک ہزار روپے بڑھا کر ساڑھے 6 ہزارکردی گئی ہے۔ اینٹی بائیوٹک آگمینٹن، معدے کی دوا رائزک اور طاقت کی دوا سربیکس زی کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہیں۔

پاکستان ڈرگ لائرزفورم کا کہنا ہے کہ شوگر کی دوالینٹس پین کی قیمت میں ایک ہزارروپے اضافہ کیا گیا، شوگر کی انسولین اب 5500 کی بجائے 6500 روپے کی ملے گی۔ اسی طرح رائزک 245 سے 280 تک مہنگی ہوگئی ، سربیکس زیڈ 225 سے 245 تک پہنچ گئی، آگمینٹن کی قیمت بھی 187 سے بڑھ کر201 روپے ہوگئی۔
ڈریپ کے مطابق کچھ اینٹی بیاٹکس کی قیمتوں کا تعین کنزیومر پرائس انڈکس کے تحت کیا گیا ہے، شوگر انجکشن کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ لینٹس انجیکشن کی قیمت 5 ہزار 659 روپے پیک پر بھی موجود ہے۔ آگمینٹن اور ملٹی وٹامن سر بیکس زیڈ کی قیمتوں کا تعین سی پی آئی کے تحت ہوا،معدے کی دوا رائزک بھی منظور شدہ ایم آر پی کے اندر ہے۔ تاہم اگر کسی شہری کو ادویات زائد ریٹ پر مل رہی ہیں تو وہ فوری ڈریپ کے نمبرز پر اپنی شکایات درج کروائیں۔
دوسری جانب شہریوں نے ادویات مہنگی ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شوگر کے مریضوں کا انسولین کے بغیر گزارہ نہیں اور انسولین کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ان کے لیے مالی مشکلات پیدا کرے گا۔

FOLLOW US