Wednesday November 5, 2025

مغربی ہواوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل، محکمہ موسمیات کی لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی

اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو گیا ہے، جس وجہ سے محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران بارشیں ہو سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز مغربی ہواوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا۔ بدھ سے اتوار تک کشمیر، پشاور، اسلام آباد کوہاٹ، ڈی آئی خان، بھکر، میانوالی، فیصل آباد، قصور ، لاہور اور جھنگ میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔

اس کے علاوہ کوئٹہ، ڑوب، چمن ڈی جی خان، ملتان ،ساہیوال، سکھر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سے خیبر پختونخوا میں کل سے بارشوں اور تیز ہواوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے شریف حسین نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کر دیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ اتوار کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث صوبے کے حساس اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر دیں، تا کہ واقعے کے وقت موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔