Thursday September 18, 2025

شفاف انتخاب کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرارہے ہیں آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شفاف انتخاب کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کے سامنے یواین کی رپورٹ شیئر کرنا چاہتا ہوں ، رپورٹ غریب اور ترقی پذیر ممالک سے متعلق ہے ، جس کے مطابق غریب ممالک کا 7 ہزار ارب ڈالر بیرون ممالک پڑا ہے، کیوں کہ ٹیکس چوری کا پیسہ باہر بجھوا دیا جاتا ہے جس کے لیے بڑے منصوبوں میں بڑی سطح پرکرپشن ہوتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کرپشن سے ملک میں اخلاقیات تباہ کر دی جاتی ہیں ، کوئی بھی قوم تب تباہ ہوتی ہے جب انصاف کی صلاحیت ختم ہوتی ہے ، ملک میں کرپشن سے زیادہ کوئی اور چیز بنیادوں کو تباہ نہیں کرتی ، اور جس قوم میں اخلاقی معیار نہ ہو وہ کبھی انصاف نہیں کر سکتی۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری جیسے لوگ ملک سے پیسے چوری کرکے باہر بھیجتے ہیں ، آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے، الیکشن میں جوتماشاچلا سب نے دیکھا۔ قبل ازیں اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بھی اشارہ دیا ، چند روز پہلے انہوں نے کہا تھا کہ اگلے عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے کروانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے مشینوں کی تنصیب کی نشان دہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے ہوں اور سمندر پار پاکستانی الیکٹرانک ووٹنگ میں حصہ لے سکیں ، صدر مملکت کی مشاورت سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تنصیب کے لیے درکار تمام انتظامی اقدامات اور مراحل کی نشاندہی کی جائے گی۔