Friday January 24, 2025

کورونا کیسز میں اضافہ،این سی او سی کا دوبارہ اسکول کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے گا۔۔

اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے باعث اسکول دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کے زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے کے حوالے سے اپریل کے دوسرے ہفتے میں نظرثانی کی جائے گی۔کورونا کے بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی او سی 9 مارچ بروز منگل اسکولوں کو کھولنے کے طریقوں پر نظرثانی کرے گا۔

اجلاس میں سینماؤں، شادی ہالز میں تقریبات اور ریسٹورنٹس کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے کو واپس لینے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال اور اس سے متعلق اقدامات، ویکسی نیشن پر پیشرفت اور قومی ویکسین کی حکمت عملی کے بارے میں غور کیا گیا۔این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے مثبت کیسز کا جائزہ لیا اور صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گراس روٹ کی سطح پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔یاد رہے کہ 25 فروری کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ یکم مارچ سے تمام اسکولز ہفتے میں 5 دن کلاسز کے معمول پر واپس آجائیں گے۔

FOLLOW US