Wednesday November 27, 2024

تحریک انصاف کا دباو کام کر گیا، الیکشن کمیشن کا علی حیدرگیلانی ویڈیو اسکینڈل سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کا فیصلہ

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی یوسف رضا گیلانی سے متعلق درخواست کی سماعت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کے حق میں بڑا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کیخلاف ووٹوں کی خرید و فروخت سے متعلق الزام کی تحقیقات کے حوالے سے فوری سماعت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ علی حیدرگیلانی ویڈیو اسکینڈل سے متعلق درخواست پی ٹی آئی کے رہنماؤں کنول شوذب اورفرخ حبیب نے دائر کی تھی

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس معاملے کی ابتدائی سماعت 11 مارچ کو کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں تحریک انصاف کی جانب سے ایک اور درخواست دائر کر کے الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ سماعت 11 مارچ سے قبل کی جائے۔ اب الیکشن کمیشن نے حکمراں جماعت کی جانب سے دائر درخواست کو منظور کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ علی حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل کی سماعت 11 مارچ کی بجائے کل 9 مارچ کو ہوگی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ 3 مارچ کے سینیٹ الیکشن سے قبل علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے تھے۔ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کی تلقین کی، جبکہ انہوں نے سندھ میں اپنی جماعت کے صوبائی وزیر ناصر علی شاہ سے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی بات بھی کروائی، جس میں اراکین اسمبلی کو فنڈز کی فراہمی کی یقینی دہانی کروائی گئی۔

اس ویڈیو اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا جائے، تاہم اس مطالبے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ سنایا گیا۔ بعد ازاں سینیٹ الیکشن کے دوران حفیظ شیخ کی اپ سیٹ شکست اور یوسف رضا گیلانی کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے دوبارہ مطالبہ کیا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت کالعدم قرار دیا جائے۔ جبکہ عدالت میں بھی درخواست دائر کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو یوسف رضا گیلانی کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے۔

FOLLOW US