Friday January 24, 2025

ملکی تاریخ میں پہلی بار ایئرپورٹ سکیورٹی فورس یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کرے گی

کراچی : ائر پورٹ کی اہم سرحدوں کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورس اے ایس ایف بھی اب یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق ائرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف)کو پہلی بار 23مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔اے ایس ایف ائرپورٹ سکیورٹی فورس ہے، جو ائرپورٹ کی اہم سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 23مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل ظفر الحق بھی پریڈ میں شریک ہوں گے۔ یوم پاکستان پریڈ میں اے ایس ایف کے 200 سے زائد جوان و افسران ریہرسل میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ یوم پاکستان کو پا کستان کی تاریخ کا ایک اہم دن تصور کیا جاتا ہے، اس دن قرار داد پاکستان پیش کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے لیے جدا وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور ایک طویل عرصے کے بعد مسلم لیگ کو اپنا مطالبہ منظور کروانے میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس دن کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوجی پریڈ کا انعقاد 23 مارچ کو ہر برس کیا جاتا ہے، خیال رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم پاکستان کے لیے خصوصی پرومو بھی جاری کیا گیا تھا، جس میں قائد اعظم کی پاکستان حاصل کرنے کے لیے کی جانے والی جدوجہد اور قربانیوں کا پیغام دیا گیا ہے اور اس حوالے سے پاکستانی قوم کے حوصلے اور عزم بھی دکھایا گیا ہے۔ پرومو میں پاکستانیوں کو متحد ہونے کا پیغام بھی دیا گیا ہے اوربتایا ہے کہ متحد ہو کر پاکستانی ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ یوم پاکستان منانے کے لیے ہر سال 23 مارچ کو خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں پاکستان مسلح افواج پریڈ بھی کرتے ہیں۔لیکن اس مرتبہ ائر پورٹ کی اہم سرحدوں کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورس اے ایس ایف بھی اب یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کر رہی ہے-

FOLLOW US