Thursday April 18, 2024

منہ بند کرکے کرکٹ کھیلو،ایک ووٹ چور کو سپورٹ کر رہے ہو حنا پرویز بٹ نے محمد حفیظ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

لاہور : مسلم لیگ ن کی ممبر پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں ٹویٹ کرنے پر قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ حنا پرویز بٹ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی اور اب ایک ووٹ چور کو سپورٹ کر رہے ہو، بہتر ہے منہ بند کر کے کرکٹ کھیلیں اور سیاست پر تبصرہ مت کریں‘‘۔

حنا بٹ نے یہ ردعمل محمد حفیظ کی جانب سے عمران خان کے اعتماد کے ووٹ کی کامیابی پر کیا تھا، محمد حفیظ نے ٹویٹ پر لکھا کہ’ ماسٹر سٹروک، ووٹ آف کانفیڈنس، عمران خان پی ٹی آئی‘۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2019ء میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت ملنے کے بعد محمد حفیظ نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’نواز شریف کا بیرون ملک علاج کے لیے جانا اس بات کا اعتراف ہے کہ پاکستان میں علاج معالجے کی مناسب اور کافی سہولیات میسر نہیں، اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ ہم 20 کروڑ پاکستانی ملک میں محفوظ نہیں ہیں‘۔ محمد حفیظ کے اس ٹویٹ پر بھی حنا پرویز بٹ نے محمد حفیظ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’آپ کی اپنی کارکردگی کیا ہے؟ بہتر ہے کرکٹ پر توجہ دو، آپ کو کسی نے وزیراعظم نہیں بنانا‘۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے محمد حفیظ کو کہا تھا کہ ’پروفیسر صاحب آپ پڑھے لکھے شخص ہیں،فی الحال پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک نہیں ہے جہاں اعلیٰ ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر کام ہو رہا ہو،برطانیہ سے کافی مریض علاج کی غرض سے امریکہ کا رخ کرتے ہیں، تو کیا اس کا مطلب ہے کہ برطانیہ فیل ہو گیا ہے؟‘۔ صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے لکھا کہ تھا کہ’سر آپ خود بھی ہر وقت برطانوی معالجوں سے علاج کرواتے ہیں۔ آپ نے ابھی چند ماہ پہلے ہی اپنے فریکچرڈ دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا علاج کروانے کے لیے مانچسٹر کا انتخاب کیا‘۔ دیگر سوشل میڈیا صارفین نے محمد حفیظ کو کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے مشورے بھی دیے تھے۔

FOLLOW US