Tuesday April 23, 2024

چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ، چوہدری برادران نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت سے معذرت کرلی

لاہور : چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لیے چوہدری برادران نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت سے معذرت کرلی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پی ڈی ایم اتحاد کے متفقہ امیدوار کی حمایت کے لیے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے لاہور میں ان کی رائش گاہر پر ملاقات کی ، تاہم چوہدری برادران نے چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی حمایت سے معذرت کرلی۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے یوسف رضا گیلانی کے لیے حمایت مانگنے کے جواب میں سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومتی اتحادی ہیں ، حکومت کو پہلے ہی یقین دہانی کروا چکے ہیں ، ہماراشیوہ نہیں کہ کسی سے ایساوعدہ کریں جوہمارے اصولوں کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے گھرآئے ، ان کی عزت کرتے ہیں تاہم حکومت کے اتحادی ہیں اور سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک اور حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی آفر کردی ، میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے ، جس میں انہیں ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے عہدے کی آفر کی گئی ہے ، جب کہ اس حوالے سے پیپلزپارٹی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل دیگر جماعتوں کو بھی اس پر جلد رضامند کرے گی۔ اس سے پہلے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ حکومتی اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی خواہش کی تھی ، اس ضمن میں سینیٹ انتخابات اور اعتماد کے ووٹ کے بعد کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے ، وزیر قانون کے لیے بیرسٹر علی ظفر کے نام پر غور شروع ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایم کیوایم کی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ، اس دوران صادق سنجرانی کی ایم کیوایم کنوینئر خالد مقبول صدیقی سے گفتگو ہوئی ، جس میں دونوں رہنماوَ ں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب پر اظہار خیال کیا۔

میڈیا ذرائع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ صادق سنجرانی نے ایم کیوایم سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کی درخواست کی ، جس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی خواہش کا اظہار کیا ، جب کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان سےفروغ نسیم کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کی باضابطہ بات بھی کی جائے گی ، ذرائع ایم کیو ایم کہتے ہیں کہ تحریک انصاف نے ہمیں 2 وزارتیں دینے کا کہا تھا ، امید ہے تحریک انصاف 2وزارتوں کا وعدہ پورا کرے گی۔

FOLLOW US