Thursday September 18, 2025

وزیراعظم کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کو تیار ہو چکے ہیں،بال پر چھکا لگے گا یا پھر کلین بولڈ فیصلہ آج ہو گا

اسلام آباد : جذباتی فیصلے کبھی کبھار بیڑہ پار کر جا تے ہیں تو کبھی لنکا ڈبو بھی جاتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے صرف ایک حفیظ شیخ کی شکست کو اس قدر دل پر لے لیا کہ خود آگے بڑھ کر اکھاڑے میں اتر کر اعتماد کا ووٹ لینے کا اعلان کر دیا۔اسے یوں سمجھ لینا چاہیے کہ وزیراعظم عمران خان نے آخری داؤ کھیل دیا ہے یا پھر آخری گولی فائر کرنے والی بات ہے لیکن اگر اس سارے معاملے کو نیوٹرل ہو کر دیکھا جائے تو اپوزیشن جماعتوں اور جیب میں موجود کھوٹے سکوں کی جیت ہے کہ وہ جو چاہتے تھے کہ خان کریز سے باہر نکل کر کھیلے اب وہ موقعہ آن پہنچا ہے

وزیراعظم صاحب کریز سے باہر نکلنے کو تو تیار ہو چکے ہیں اس بات کا فیصلہ آج ہو جائے گا کہ بال پر چھکا لگتاہے یا پھر کلین بولڈ۔ حیرت کی بات یہ بھی ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کی سیٹیں اس وقت بھی زیادہ ہیں اور اگر دھیمے مزاج اور سیاسی طریقہ کار کے مطابق چال چلی جاتی تو چیئرمین سینیٹ پھر سے پی ٹی آئی کا منتخب ہو سکتا تھا مگر جس طرح پی ڈی ایم نے دھیرے سے چال چلی اور حکومت کے گرد گھیرا تنگ کرتے چلے گئے آج انہیں کامیابی دو قدم کی دوری پر نظر آ رہی ہے اور اگر آج وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو اقتدار ایک کیک کی طرح پلیٹ میں سجا ہوا اپوزیشن جماعتوں کے پا س چلا جائے گااور پی ٹی آئی ہاتھ ملتی رہ جائے گی۔ اتحادی اور پی ٹی آئی کے ارکان کھانے کھا رہے ہیں اور ٹیلی فون بھی سن رہے ہیں جبکہ دوستوں کے ہاں آنا جانا بھی لگا ہوا ہے مگر ضمیر کی آواز اور اوپن ووٹنگ میں آج ثابت ہو جائے گا کہ عوام کے پاپولر لیڈر عمران خان کیا ارکان پارلیمنٹ میں بھی پاپولر ہیں یا پھر پیسااور طاقت اپنا کھیل کھیل جائے گی۔