Friday May 3, 2024

الیکشن کمیشن نے وزرا کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا الیکشن کمیشن نے پیمرا سے وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا نوٹس لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پیمرا سے وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پریس کانفرنس کے ریکارڈ کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز سینیٹ الیکشن میں حکومت کے لیے بڑا اپ سیٹ ہونے کے بعد وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن پر الزامات عائد کیے تھے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے نہیں نبھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو آنے کے بعد الیکشن کمیشن پر زیادہ ذمہ داری آتی تھی کہ وہ صفاف الیکشن کرواتے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی سیٹ پر پہلے دن سے اشارے مل رہے تھے ان کو نہ چاہتے ہوئے بھی یقین دلایا گیا کہ پریشان نہ ہوںآ پ کی جیت میں ہر حربہ استعمال ہوگا، عمران خان کے بیانیئے پر آج ایک مہر ثبت کردی گئی۔ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا، پچھلے سینیٹ الیکشن میں جب ضمیروں کو خریدا گیا تو ہم نے فی الفور ایکشن لیا اور 20 ارکان کو پارٹی سے رخصت کیا۔ اس کوسامنے رکھتے ہوئے ہم نے جمہوریت کے چیمپیئنز کو دعوت دی کہ آؤ اوپن بیلٹ کرتے ہیں، آئینی ترمیم کی کوشش کی، اسمبلی میں ترمیم کو لے کر گئے، پارلیمنٹ میں دو بڑی جماعتوں کا رویہ دیکھا انہوں نے بحث ہی نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آئین کے عین مطابق الیکشن کروانے کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ لیکن الیکشن کمیشن پاکستان شفافیت دکھانے میں ناکام رہا، ایک ویڈیواور آڈیو سامنے آئی ، تو فواد چودھری ایک رات پہلے الیکشن کمیشن گئے لیکن وہاں سناٹا تھا ، وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔ فواد چودھری نے میڈیا کے سامنے تحفظات کا اظہار بھی کیا، ویڈیو آنے کے بعد الیکشن کمیشن پر سب سے زیادہ ذمہ داری تھی کہ الیکشن کو شفاف بناتے۔ جس قسم حرکتیں پیپلزپارٹی نے کی ہیں،سب نے دیکھ لی ہے۔ الیکشن کمیشن کو کہا ٹیکنالوجی کا سہارا لیں انتخاب کو یقینی بنائیں، جواب دیا کہ اگلے الیکشن میں کریں گے۔

FOLLOW US