Sunday May 12, 2024

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین کی ہاتھا پائی ، باغی ایم پی ایز کی پٹائی کردی

کراچی : سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی آپس میں ہاتھا پائی کے دوران ناراض ایم پی ایز کی ٹھکائی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے 3 باغی ارکان کریم بخش گبول ، شہریار شر اور اسلم ابڑو ایوان میں پہنچے اور حاضری لگائی ، حکومتی اراکین نے تینوں ایم پی ایز کا استقبال کیا جس پر پی ٹی آئی کے دیگر اراکین کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں باغی ایم پی ایز کے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے دیگر اراکین نے شدید نعرے بازی شروع کردی ،

اس دوران پی ٹی آئی اراکین کی آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوگئی جس میں تحریک انصاف کے دیگر اراکین کی جانب سے باغی ایم پی ایز کی پٹائی کردی گئی ، پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین نے بیچ بچاؤ کی کوششیں کیں تاہم سب بیکار ثابت ہوئیں ، جس کی بناء پراسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے ایوان میں ہلڑ بازی کے باعث اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف سندھ میں سینیٹ کی ٹکٹوں سے متعلق بھی پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں ، جس کی بناء پر پی ٹی آئی کے رہنماء لیاقت جتوئی نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے کا اشارہ دے دیا ، پیپلزپارٹی یا پھر ن لیگ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماء سابق وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑنے کا اشارہ دے دیا، لیاقت جتوئی نے کراچی میں کارکنا ن کا اجلاس طلب کرلیا ، جس میں تحریک انصاف کے ساتھ تحفظات اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاور ت کی جائے گی، جس میں لیاقت جتوئی اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ لیاقت جتوئی تحریک انصاف کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی یا پھر ن لیگ میں شامل ہوسکتے ہیں ، لیاقت جتوئی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کے حوالے سے ساتھیوں کو مشورہ دیا کیوں کہ پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت بھی ہے جب کہ ساتھیوں نے لیاقت جتوئی کو مسلم لیگ ن کے ساتھ شامل ہوکر عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا ، پیپلزپارٹی یا پھر ن لیگ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ اجلاس میں کیا جائے گا۔

FOLLOW US