Monday May 13, 2024

سینیٹ الیکشن : شہباز شریف اور خواجہ آصف کو اسلام آباد جانے کی اجازت مل گئی

لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ن لیگی رہنماء خواجہ آصف کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے لیے اسلام آباد جانے کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور نے دونوں اراکین اسمبلی کو سینیٹ انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے اسلام آباد جانے کا حکم دیا ، اس سلسلے میں احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری اور اکمل خان کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء خواجہ آصف کو وفاقی دارالحکومت جانے کی اجازت دینے کا حکمنامہ جاری کردیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی سینیٹ انتخابات میں لاہور میں ووٹ کاسٹ کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ وہ انہیں لاہور میں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دیں ، تاہم الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کو لاہور میں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ الیکشن کمیشن نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی لاہور میں ووٹ کاسٹ کرنے کی درخواست مسترد کردی ، الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ قومی اسمبلی کے علاوہ کہیں اور ووٹ ڈالنے کی سہولت نہیں دی جا سکتی ، جب کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی اسیر ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر چکا ہے ، الیکشن کمیش ذرائع کے مطابق اسیر ارکان قومی اسمبلی ہال میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

جس کے بعد ن لیگی رہنماوں کی جانب سے سینیٹ الیکشن ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ، جس کے جواب میں لاہور کی احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ن لیگی رہنماء خواجہ آصف کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے لیے اسلام آباد جانے کی اجازت مل گئی ، اس سلسلے میں احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری اور اکمل خان کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء خواجہ آصف کو وفاقی دارالحکومت جانے کی اجازت دینے کا حکمنامہ بھی جاری کردیا گیا۔

FOLLOW US