Sunday May 12, 2024

3 ارکان اسمبلی کا اغوا، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کے دعوے کا ڈراپ سین ہو گئے،ہمیں اغوا نہیں کیا گیا، تینوں اراکین اسمبلی نے اغوا ہونے کی تردید کر دی۔

کراچی :پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اغوا ہونے کی تردید کر دی ہے۔اسلم ابڑو کا کہنا ہے انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا تھا کہ کل شام سے پی ٹی آئی کے تین ارکان کو غائب کر دیا گیا ہے، تاہم صوبہ سندھ سے پی ٹی آئی کے تینوں اراکین اسمبلی کی جانب سے اپنے اغوا ہونے کی تردید آ چکی ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو نے منظر عام پر کہا کہ انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا،دراصل پی ٹی آئی قیادت نے سندھ کو نظر انداز کیا ہے۔

میں ووٹ اپنی مرضی سے دوں گا۔جب کہ شہریار شر اور کریم بخش گبول کے بھی ویڈیو بیانات منظر عام پر آ چکے ہیں۔جس میں انہوں نے اپنے اغوا سے متعلق صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان کے دعوؤں کی تردید اور اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں شہر قائد کراچی کے نجی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین سندھ اسمبلی کے لیے کمرے بُک کر لیے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر نے اپنے اراکین اسمبلی کے لیے نجی ہوٹل میں کمرے بُک کروائے اور تمام اراکین کو ہوٹل پہنچنے کے احکامات بھی جاری کر دئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی ریجن کے صدر خرم شیر زمان سمیت متعدد اراکین اسمبلی ہوٹل پہنچ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا تھا کہ کل شام ہمارے 3 ارکان اسمبلی کو اغوا کیا گیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان ارکان کے موبائل بند ہیں اور گھر والوں کو بھی علم نہیں، یقین ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ارکان پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مسلسل سندھ حکومت کی جانب سے اراکین کو ڈرایا اور دھمکایا جارہا ہے۔ اراکین اسمبلی سے ہمارا رابطہ نہیں ہو رہا ہے۔ سینیٹ کے پچھلے الیکشن میں لوگوں کے ضمیر خریدے گئے۔ اب جو ضمیر بیچے گا کم سے کم اس کا پتہ چل جائے گا۔

FOLLOW US