Thursday May 2, 2024

سینیٹ انتخابات سے 2 روز قبل قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستوں میں اضافہ ہوگیا

اسلام آباد : سینیٹ انتخابات سے 2 روز قبل قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستوں میں اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ضمنی الیکشن کے دوران این اے 45 سے کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے فخر زمان نے بطور رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھالیا۔ پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا جس میں این اے 45 سے کامیاب ہونے والے فخر زمان نے بطور رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھایا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ان سے حلف لیا۔

فخر زمان کے حلف اٹھانے کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستوں میں اضافہ ہوگیا۔ عام انتخابات 2018 میں این اے 45 کی نشست جے یو آئی ف کے رہنما نے جیتی تھی، تاہم کچھ روز قبل ہوئے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف یہ نشست جے یو آئی ف سے چھیننے میں کامیاب رہی۔ بتایا گیا ہے کہ اس نشست کی فتح سے اب قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی کل نشستوں کی تعداد 157 ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے قومی اسمبلی سمیت ملک کی تمام صوبائی اسمبلیوں میں 3 مارچ کو پولنگ ہوگی۔ انتخابات کے بعد سینیٹ میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو 28 سے 30، پیپلز پارٹی کو 19 جبکہ مسلم لیگ ن کو کل 17 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ 2 صوبوں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے علاوہ وفاق میں بھی حکومت میں ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ سب سے اہم مقابلہ اسلام آباد سے حکومت کے حفیظ شیخ اور پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان ہوگا۔ دونوں امیدواروں کو اراکین قومی اسمبلی ووٹ دیں گے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ حفیظ شیخ باآسانی فتح حاصل کر لیں گے، جبکہ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ 3 مارچ کو حکومت کو سرپرائز دیں گے۔ اس حوالے سے رہنما تحریک انصاف شہباز گل کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن کے 17 اراکین قومی اسمبلی نے مجھ سے رابطہ کیا ہے، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کیساتھ کوئی مقابلہ نہیں بنتا، حفیظ شیخ باآسانی فتح حاصل کریں گے۔

FOLLOW US